کاروار:4/مارچ (ایس او نیوز) ضلع پنچایت ہال میں سنیچر کو منعقدہ ضلعی ترقی بورڈ اور نگرانی کمیٹی (دِشا) میٹنگ میں افسران سے مخاطب ہوکر اترکنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کہاکہ اترکنڑا ضلع میں کل 754مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں موسم گرما میں پینےکے پانی کی قلت یا مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ ان مقامات کو نشان زد کیا گیا ہے جہاں ٹینکر کے ذریعے پینے کا پانی پہنچایا جاسکتاہے، اس کی پیشگی تیاری کے لئے ٹینکر کا ٹینڈر بلایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے میٹنگ کے دوران مزید بتایا کہ بورویل کی فلشنگ اور کنوؤوں کی گہرائی تک کھدائی ، درستی کرکے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے افسران کو ہدایات دیں کہ گولی طبقے کے کالونیوں میں ٹائلیٹ کامسئلہ درپیش ہے، ان مقامات کاپتہ لگا کر افسران وہاں جائیں اور مسائل کاخود معائنہ کرکے حل کے لئے اقدامات کریں۔ گولی طبقہ کے وارڈ اکثر جنگلات میں ہیں، کن کن تعلقہ جات میں ایسے کتنے مقامات ہیں ان کا پتہ لگاکر سڑکوں کا انتظام کرنے کے بھی احکامات دئے۔ اس کے علاوہ میٹنگ میں گرام سڑک یوجناکے تحت دیہاتوں میں سڑکوں کی تعمیر، تعلیمات عامہ کے ذریعے طلبا میں مطالعہ کی ترغیب، صحت عامہ کی طرف سے میڈیکل کچرا نکاسی کے لئے مناسب انتظامات کرنے کے لئے ڈی سی نے ہدایات دیں۔ اس موقع پر رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے نے بھی پینے کے پانی کی قلت کو لے کر بات کی۔ ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر ، ضلع پنچایت آفیسر ایل ، چندرشیکھر نایک وغیرہ موجود تھے۔